میانوالی ()تحصیل پپلاں کے علاقہ کچہ گجرات میں بنیادی مرکز صحت کے افتتاح کے سلسلہ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی سابق ایم پی اے ملک فیروز جوئیہ تھے جبکہ تقریب کی صدارت سابق ایم پی اے عادل عبداللہ خان روکھڑی کے نمائندہ فہد خان روکھڑی اور ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کی۔ مہمانان گرامی بی ایچ یو کچہ گجرات پہنچے تو ڈھولوں کی تھاپ پر مقامی لوگوں نے خوشی میں ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی سابق ایم پی ملک فیروز جوئیہ، فہد خان روکھڑی اور ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے تختی کی نقاب کشائی کر کے بنیادی مرکز صحت کچہ گجرات کا باضابط افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پپلاں اعجاز عبد الکریم،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد رفیق خان،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد شعیب رضا خان، ایس ڈی او بلڈنگز محمد نعمان، سب انجنیئرعثمان ملک مقامی عمائدین اور لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔افتتاحی تقریب سے سابق ایم پی ملک فیروز جوئیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی مرکز صحت کے فنگشنل ہونے سے کچہ گجرات کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ حل ہو گیا ہے،اب لوگوں کو علاج معالجہ کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہونگی اور لوگوں کی محرومیوں کا خاتمہ ہو گا۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق علاقہ کی ترقی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات بروئے کار لانا ہماری حکومت کا منشور ہے۔انھوں نے بنیادی مرکز صحت کو فنگشنل کرنے پر ڈی سی میانوالی کی کاوشوں کو خصوصی طور پرسراہا۔تقریب سے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ علاقہ میں بنیادی مرکز صحت کے قیام سے لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات ملیں گی۔انھوں نے سی ای او ہیلتھ کو ایمرجنسی کی صورت میں بی ایچ یو کچہ گجرات کیلئے ایک ایمبولینس فوری فراہم کرنے اور مقامی لوگوں کو 24 گھنے طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر سابق ایم پی اے ملک فیروز جوئیہ اورڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے بی ایچ یو کچہ گجرات کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
Inauguration of Health Center in Mianwali
